Time 23 نومبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی احتجاج، محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ، پی ٹی آئی کے حتمی فیصلے کے منتظر

پی ٹی آئی احتجاج، محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ، پی ٹی آئی کے حتمی فیصلے کے منتظر
 ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے: وزیر داخلہ محسن نقوی۔ فوٹو فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وزیرداخلہ نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے وفد کی 24 نومبر سے 27 نومبر تک کی مصروفیات سے آگاہ کیا جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔

خیال رہے کہ تاجروں کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو حکم دیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ کر کے معاملے پر بات کی جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبرکو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پنجاب اور کے پی سے اسلام آباد آنے والے راستے بند کر دیے ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے دستے بھی جڑواں شہروں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :