26 نومبر ، 2024
کراچی: سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا اختتام شدید مندی کے ساتھ منفی پر ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1739 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 99 ہزار 819 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم کاروبار کے دوران ہی مارکیٹ میں ایک دم اتار کی کیفیت دیکھی گئی اور انڈیکس میں تیزی سے کمی ہوئی جس سے 100 انڈیکس 96 ہزار کی سطح پر آگیا۔
بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 3505 پوائنٹس گر کر 94 ہزار 574 پر بند ہوا۔
سیاسی تشویش اور اسٹیٹ بینک اقدامات پر 100انڈیکس ریکارڈ گرا ۔ اسٹیٹ بینک کے اسلامی بینکوں کے بچت کھاتوں پر کم از کم منافع ادائیگی سے بھی مارکیٹ پر منفی اثر پڑا۔
آج 1.11 ارب شیئرز کے سودے 43.29 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 481 ارب روپے کم ہوکر 12052 ارب روپے ہے۔