26 نومبر ، 2024
بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی بہن بھاونا کوہلی نے سوشل میڈیا پر اپنے بھتیجے سے منسوب تصویر کی تردید کردی۔
حال ہی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں گود میں اٹھائے بچے کو اسٹینڈز میں دکھایا گیا تھا۔
اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد مداح کہیں اسے ویرات اور انوشکا کے بیٹے کی پہلی جھلک سمجھ رہے تھے تو کہیں ’آکائے‘ کی تصویر وائرل ہونے پر براڈ کاسٹرز کو تنقید کا نشانہ بنارہے تھے۔
کچھ بھارتی میڈیا رپورٹس میں اس تصویر کو کوہلی انوشکا کے بیٹے کی پہلی جھلک کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا۔
تاہم اب ویرات کوہلی کی بہن بھاونا کوہلی نے حقیقت واضح کرنے کے لیے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ’سوشل میڈیا پر انوشکا اور ویرات کے دوست کی بیٹی کو آکائے دکھایا جارہا ہے جو کہ غلط ہے، یہ تصویر ہمارے آکائے کی نہیں ہے‘۔
ویرات اور انوشکا جنوری 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، جوڑے کے ہاں پہلی بیٹی وامیکا کی پیدائش 2021میں جب کہ رواں برس بیٹے آکائے کی پیدائش ہوئی۔
ویرات انوشکا بچوں کی پیدائش سے ہی اپنے بچوں کو میڈیا اور کیمروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں حتیٰ کہ فوٹوگرافروں کو بھی وامیکا آکائے کی تصویر لینے سے منع کیا گیا ہے۔