26 نومبر ، 2024
ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور جھڑپوں میں مزید 10افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ضلع کرم کے مقبل، نستی کوٹ کانڈہ، علی زئی اور بگن سمیت مختلف مقامات پر فریقین میں وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔
قبائل کے درمیان جاری تازہ جھڑپوں میں مزید 10 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے جبکہ مسافرگاڑیوں پر حملے کا ایک اور زخمی دم توڑگیا اور سانحہ میں جاں بحق افرادکی تعداد 51 ہوگئی۔
6 روز کے دوران فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 99 افراد جاں بحق اور 132 افراد زخمی ہوئے، جھڑپوں کے دوران مختلف علاقوں میں مکانوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کشیدہ صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے پانچ روز سے بند ہیں جبکہ پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے چھٹے روز بھی بند ہیں جس کے باعث افغانستان کے ساتھ خرلاچی بارڈر پر تجارت بھی بند ہے۔
راستے بند اور انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بھی معطل ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود کے مطابق فریقین میں فائربندی اور جھڑپیں رکوانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔