27 نومبر ، 2024
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے کیرئیر میں ایک ایسا وقت بھی تھا جب وہ بالی وڈ کو مکمل طور پر خیرباد کہنے کا فیصلہ کرچکے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں حال ہی میں منعقدہ تیسری گلوبل فریٹ سمٹ کے دوران شاہ رخ خان نے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی کے کئی پہلوؤں سے پردہ اٹھایا۔
کیرئیر کے آغاز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ ’جب میں سیٹ پر آیا تو مجھے لگا کہ میں ایک بہترین ایکٹر ہوں اور پھر اس سوچ نے مجھے زیادہ پراعتماد کردیا لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ سیٹ پر موجود ہر شخص مجھ سے بہتر ایکٹنگ کو جانتا ہے‘۔
دوران گفتگو شاہ رخ نے بالی وڈ کو خیر باد کہنے کے فیصلے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بعد میں نے دہلی واپسی کیلئے پہلی فلائٹ بک کروالی، مجھے آج بھی یاد ہے کہ اس وقت انٹرنیشنل فلائٹ 25 فیصد سستی ہوتی تھی کیونکہ میں اس سے مہنگی دوسری فلائٹ افورڈ نہیں کرسکتا تھا۔‘
بالی وڈ کنگ نے مزید بتایا کہ ’اس کے بعد میں جلدی سے ائیرپورٹ پہنچا، میں نے ٹکٹ خریدا کیوں کہ میں گھر جانا چاہتا تھا اور مجھے احساس ہوگیا تھا کہ میں ایک بہت برا ایکٹر ہوں‘۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’میرے نزدیک روزانہ جاگنا صرف اس بات کا احساس دیتا ہے کہ مجھے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے، اس کے بعد میں نے ہر بار اور بار بار سیکھا جس نے مجھے احساس دلایا کہ مجھ میں کیا برائی ہے، اپنے کیرئیر کے 35 سالوں کے دوران جب بھی میں سیٹ پر گیا، مجھے احساس ہوا اور بھی کتنا کچھ ہے جو مجھے جاننا ہے‘۔