27 نومبر ، 2024
اسلام آباد: رواں مالی سال اب تک پاکستان کو ہونے والی بیرونی فنانسنگ تفصیلات سامنے آگئیں۔
اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی فنانسنگ سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان کو ایک ارب 72کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال بیرون ممالک سے مجموعی 19 ارب 39 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ سالانہ ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 8.88 فیصد فنڈز ہی حاصل ہو سکے، پاکستان کو 4 ماہ میں آئی ایم ایف سے ملنے والے ایک ارب ڈالر اس کے علاوہ ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق جولائی تا اکتوبر مجموعی طور پر 2 ارب 72کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی، پاکستان کو اس دوران مختلف ممالک سے 25 کروڑ 98 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 72 کروڑ ڈالر سے زائد فراہم کیے۔
پاکستان نے جولائی تا اکتوبر 20 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرضہ بھی لیا جبکہ نیاپاکستان سرٹیفکیٹ میں چار ماہ کے دوران 54 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 9 ارب ڈالر کے چینی اور سعودی ڈپازٹس میں توسیع ملنے کا امکان ہے، اس میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر اور چین کے 4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس شامل ہیں۔