Time 27 نومبر ، 2024
پاکستان

مسئلےکی بنیاد ووٹ کی چوری ہے، ملک میں اس وقت کوئی حکومت نہیں: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ جوکچھ ہوا اس کی وجہ ووٹ کی چوری ہے، اداروں کو الیکشن سے دور  رہنا ہوگا، پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے۔

لاڑکانہ میں میڈیا سےگفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو کیا حق حاصل ہےکہ وہ حکومت کرے، اسٹیبلشمنٹ کو حق نہیں کہ ہمارے ووٹ کے ساتھ کھیلے، الیکشن آئین کے مطابق ہونا چاہیے، مسئلےکی اصل بنیاد  ووٹ کی چوری ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی کارکن جان سے گیا ہے تو  وہ بھی ہمارے ملک کا نقصان ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا جوان شہید ہوا ہے تو بھی ہمارا نقصان ہے۔ اتنے انتظامات کے باوجود پی ٹی آئی والے ڈی چوک کیسے پہنچے؟  پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں، بلوچستان میں بھی کوئی حکومت نہیں،  ملک میں سنجیدہ حکومتوں کا ہونا ضروری ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور بات چیت سے راستے نکل آتے ہیں، ان کا بھی فرض بنتا ہے ہم سے تعاون چاہتے ہیں تو ہم سے بات کر یں، بیرون ملک سے بیانات کا پی ٹی آئی کو نقصان پہنچتا ہے، اس سے بیرونی مداخلت کا تاثر آتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہر صورت میں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھے گی اور وہ ہر صورت میں نکالنے کی کوشش کریں گے تو انارکی ہوگی ۔ کسی صوبے کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، سیاسی کارکن کے جذبات مخلصانہ ہوتے ہیں قیادت کو انہیں صحیح لائن دینی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ڈرافٹ پر ہم نے ایک ماہ تک مشاورت کی، حکومت 26 ویں آئینی ترمیم میں جن سے دستبردار ہوئی اس کے لیے قانون سازی کرنا اور ایکٹ پاس کرنا 26 ویں ترمیم کی روح کے منافی ہے، ان پر تو آصف زرداری دستخط کر رہے ہیں لیکن جو مدارس بل جس پر الیکشن سے پہلے اتفاق رائے ہوا اس پر اعتراضات اٹھا رہےہیں۔

مزید خبریں :