Time 28 نومبر ، 2024
کھیل

چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ: زخم سہہ لینگے بےعزتی نہیں کرائینگے: چیئرمین پی سی بی

چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ: زخم سہہ لینگے بےعزتی نہیں کرائینگے: چیئرمین پی سی بی
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے اہم اجلاس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی آفیشلز سے بات کی ہے،فوٹو: فائل

لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں، ہم زخم سہہ لیں گے اپنی بےعزتی نہیں کرائیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے اہم اجلاس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی آفیشلز سے بات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی آفیشلز کوپاکستان کے واضح موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر واضح انداز میں کھڑا ہے، ہم زخم سہہ لیں گے اپنی بےعزتی نہیں کرائیں گے۔

خیال رہےکہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے آئی سی سی نے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ بلائی ہے۔ آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا کہ نیوٹرل وینیو پر بھارت سے میچ کھیلنے کا فارمولا بنا توپاکستان کبھی بھارت جا کر نہیں کھیلے گا۔

دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں انڈیا کے بغیر پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کا آپشن ڈسکس ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے آپشن پر بھی بات ہوگی، جس میں ایونٹ کے زیادہ تر میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے تاہم انڈیا کے میچ کسی دوسرے ملک میں ہوں گے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بورڈ میٹنگ میں پورا ٹورنامنٹ کسی دوسرے ملک کرانے کی تجویز پر بھی بات ہوگی تاہم میزبانی پی سی بی کے پاس ہوگی۔

تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمرشل ویلیو کی وجہ سے مائنس انڈیا فارمولا کے امکانات کم ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں پہلے بھی مائنس انڈیا تجویز پر ڈسکشن ہوچکی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ماضی کی مثالوں کی بنیاد پر اس تجویز پر زور دے سکتا ہے۔ 

مزید خبریں :