Time 30 نومبر ، 2024
کھیل

چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ: آئی سی سی قابل عمل فارمولا دیگا تو بات آگے بڑھے گی، پاکستان اپنے مؤقف پر قائم

چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ: آئی سی سی قابل عمل فارمولا دیگا تو بات آگے بڑھے گی، پاکستان اپنے مؤقف پر قائم
 پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے گزشتہ روز کی میٹنگ کے بعد مختلف اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کیے: ذرائع۔ فوٹو فائل

چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ اگر کوئی قابل عمل فارمولا پیش کیا جائے گا تو بات آگے بڑھے کی۔

چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس بار پاکستان کے پاس ہے لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر کسی ٹھوس وجہ کے پاکستان ٹورنامنٹ کو نیوٹرل وینیو پر نہیں لیکر جائے گا اور اگر آئی سی سی نے نیوٹرل وینیو پر جانے کا کہا تو پاکستان کبھی بھی بھارت جاکر نہیں کھیلے گا۔

گزشتہ روز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور بھارت کے انکار کے معاملے پر آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی سی بی، بی سی سی آئی اور آئی سی سی ٹورنامنٹ کے حوالے سے ملکر کوئی قابل عمل فارمولا تلاش کریں گے۔

آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس آج دوبارہ ہونا ہے جس میں ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ آج دوبارہ ہو گی لیکن اجلاس کا وقت طے نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے گزشتہ روز کی میٹنگ کے بعد مختلف اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کیے اور ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنے مؤقف کی وضاحت پیش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، آئی سی سی ہی معقول اور قابل عمل فارمولا دے گا تو بات بڑھے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی کو مؤقف دے دیا کہ اس کے مطابق کوئی حل نکلے گا تو پاکستان قبول کرے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے واضح مؤقف ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ہمارے پاس ہے اس لیے ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہوگا، کوئی نیوٹرل وینیو قابل قبول نہیں ہے۔

مزید خبریں :