Time 30 نومبر ، 2024
پاکستان

کرم میں پولیس فریقین کے مورچے گرائے، اسلحہ فوری تحویل میں لے: وزیراعلیٰ کی جرگے میں ہدایت

کرم میں پولیس فریقین کے مورچے گرائے، اسلحہ فوری تحویل میں لے: وزیراعلیٰ کی جرگے میں ہدایت
سوشل میڈیاپرانتشارپھیلانے والوں کے خلاف مقدمے درج کرکے گرفتار کیا جائے، فریقین فوری سیز فائر کریں اور سابقہ امن معاہدوں پر عمل کریں: علی امین گنڈاپور کی ہدایت— فوٹو: سوشل میڈیا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ضلع کرم کے حوالے سے ہونے والے جگے میں ہدایت کی ہے کہ پولیس فریقین کے مورچے گرائے اور اسلحہ فوری تحویل میں لے۔

کوہاٹ میں کمشنر ہاؤس میں ضلع کرم میں امن امان سے متعلق گرینڈ جرگہ ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور مشران نے شرکت کی۔

جرگے میں ضلع کرم میں کشیدگی کے خاتمے اورامن و امان قائم کرنے پر زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے ضلع کرم کے عوام کو پرُامن رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام غیرت مند اور پُرامن ہیں، امن و امان کے لیے حکومت کسی بھی حد جانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کرم میں فریقین کے مورچوں کو گرادے اور  بےگھرمتاثرین کی فوری آباد کاری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

علی امین گنڈاپور نے حکم دیا کہ لوگوں کا مالی نقصان فوراً پورا کیا جائے، فریقین کے پاس موجود اسلحہ فوری تحویل میں لےکر جمع کیا جائے، بے شک امن کی بحالی تک وہ اسلحہ امانتاً انتظامیہ اپنے پاس رکھے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیاپرانتشارپھیلانے والوں کے خلاف مقدمے درج کرکے گرفتار کیا جائے، فریقین فوری سیز فائر کریں اور سابقہ امن معاہدوں پر عمل کریں۔

ان کا کہناتھاکہ عوام کے تعاون کے بغیر امن بحال نہیں ہو سکتا، عوام کا حکومت پر اعتماد بحال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، وقفے وقفے سے فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو افرادجاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ 10روز کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 124 تک جاپہنچی جبکہ 178زخمی ہیں۔

مزید خبریں :