01 دسمبر ، 2024
کیا چیز کسی شہر کو بہترین بناتی ہے؟ کچھ افراد کے خیال میں مصروف علاقے، سستے کھانے اور دیگر سہولیات اہم ہوتی ہیں۔
دیگر کا ماننا ہے کہ سرسبز مقامات تک رسائی، مقامی افراد کی خوشی اور سماجی ہم آہنگی جیسے عناصر کسی شہر کو بہترین بناتے ہیں۔
ایک نئی فہرست میں 2025 کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
مارکیٹنگ کمپنی Resonance نے مارکیٹ ریسرچ کمپنی Ipsos کے ساتھ مل کر شہروں کی درجہ بندی ان کی دولت، رہائشی شہولیات اور پسندیدگی کی بنیاد پر کی۔
اس کے لیے 30 ممالک کے 22 ہزار افراد کو ایک سروے میں شامل کرکے 2025 کے لیے 100 بہترین شہروں کا انتخاب کیا۔
فہرست میں لندن کو 2025 کے لیے دنیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا۔
لندن کے بعد دوسرے نمبر پر نیویارک اور تیسرے پر پیرس کو رکھا گیا۔
ٹوکیو اس فہرست میں چوتھے نمبر پر بہترین شہر قرار پایا اور یہ ایشیا کا بہترین شہر رہا۔
سنگاپور، روم اور میڈرڈ بالترتیب 5 ویں، چھٹے اور 7 ویں نمبر پر رہے جن کے بعد بارسلونا 8 واں بہترین شہر قرار پایا۔
برلن اور سڈنی بالترتیب 9 اور 10 ویں نمبر رہے۔
دبئی کے حصے میں 13 واں نمبر آیا اور اسے مشرق وسطیٰ کا بہترین شہر کا اعزاز حاصل ہوا۔