Time 02 دسمبر ، 2024
پاکستان

سندھ بھر میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی دن منایا گیا

سندھ بھر میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی دن منایا گیا
فوٹو: فائل

سندھی ثقافتی دن کے موقع پر سندھ بھر میں ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس پہنے شہریوں نے ریلیاں نکالیں، ٹیبلوز پیش کیے اور گیتوں پر رقص کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی قدیم تہذیب و ثقافت سے محبت کا بھرپور اظہار کیا ۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، مٹیاری، میرپور خاص، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹہ، بدین، جیکب آباد، شکاپور، کندھ کوٹ، گھوٹکی، لاڑکانہ، نواب شاہ، دادو اور تھرپارکر سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی ثقافتی دن کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور  ریلیاں نکالی گئیں۔

سرپرسندھی ٹوپی سجائے اوراجرک اوڑھے بچوں، نوجوانوں اور خواتین نے یوم ثقافت کو یادگار بنایا اور امن اور محبت کی سر زمین سندھ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا، مختلف مقامات پر ہونے والی تقاریب میں بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے جبکہ نوجوانوں نے گیتوں کی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔

سندھ بھر میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی دن منایا گیا
فوٹو: اسکرین گریب

یوم ثقافت سندھ پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا خصوصی پیغام

یوم ثقافت سندھ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام سمیت تمام پاکستانیوں کو یومِ ثقافت سندھ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن وادیٔ مہران کے بھرپور ثقافتی ورثے، شاندار روایات اور لازوال اقدار کا مظہر ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ ثقافت ہم آہنگی، رواداری اور شمولیت کا عکاس ہے، سندھ صوفی بزرگوں کی سرزمین ہے جو صدیوں سے امن، بقائے باہمی اور محبت کا روشن مینار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کا اتحاد و بھائی چارے کا پیغام نسل در نسل دلوں کو متاثر کرتا آیا ہے، اجرک اور سندھی ٹوپی محض ثقافتی اسباب نہیں بلکہ سندھ کی شناخت اور اقدار کے مظہر ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے لیے احترام، وقار اور فخر کی علامت ہے، سندھ کی ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

سندھ بھر میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی دن منایا گیا
فوٹو: فائل

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی یوم ثقافت سندھ پر عوام کو مبارکباد

اس موقع پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کلچرل ڈے کی سب سے زیادہ خوبصورتی سندھی اجرک اور ٹوپی کی بہار ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ عوام اپنی ثقافت سے اظہارِ محبت کے طور پر ثقافت سے مزین سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں، سندھ کی ثقافت بہت ہی قدیم اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ثقافت ہزاروں سال کی تاریخ اور روایات پر مبنی ہے۔ یوم ثقافت پر ہم ثقافتی اقدار، روایات اور زبان کو تحفظ اور فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں۔

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی ثقافت امن، برابری اور محبت کی ثقافت ہے، سندھ کے ثقافتی دن پر ملک کے تمام لوگوں کو مبارک ديتے ہيں۔

اياز لطيف پليجو نےکہا کہ ہميں سندھی کے ساتھ پنجابی، پشتو، اردو، بلوچی، ہندکو اور سرائيکی زبانيں بھی عزيز ہيں۔

دبئی میں ثقافتی دن کی تقریب سے خطاب میں ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوان تعليم اور ميرٹ پر توجه ديں، ترقی کا يہی راستہ ہے۔

مزید خبریں :