Time 02 دسمبر ، 2024
کھیل

چیمپئنز ٹرافی: بھارتی حکومت کو آمادہ کرنا جے شاہ کیلئے چیلنج بن گیا

چیمپئنز ٹرافی: بھارتی حکومت کو آمادہ کرنا جے شاہ کیلئے چیلنج بن گیا
دو روز پہلے بھارت کا کیس لڑنے والے جے شاہ کو اب بھارتی حکومت کوشراکتی معاہدے پر آمادہ کرنا ہے / فائل فوٹو

لاہور: چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بھارتی حکومت کو آمادہ کرنا آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کے لیے چیلنج بن گیا۔ 

ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی اور ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا مؤقف کھل کربتا دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے شراکتی معاہدے پر حکومتی مشاورت کے بعد ہاں یا ناں میں جواب دینا ہے، پاکستان کے مؤقف کی وجہ سے آئی سی سی کو اپنے فنانشل ماڈل کی فکر ستانے لگی ہے جبکہ بھارت کی جانب سے تاخیری حربوں کے استعمال سے آئی سی سی کی پریشانیاں بڑھ گئیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان گروپ میچز سمیت ناک آؤٹ مرحلے کے میچز کے معاہدے کو ہوسٹ ایگریمنٹ کا حصہ بنانے پرقائم ہے۔

دوسری جانب دو روز پہلے بھارت کا کیس لڑنے والے جے شاہ اب کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین بن چکے ہیں اورچیمپئنز ٹرافی کا معاملہ جے شاہ کے لیے چیلنج بن گیا ہے کیونکہ انہیں بھارتی حکومت کوشراکتی معاہدے پر آمادہ کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ براڈ کاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز کا دباؤ بھی مزید بڑھ گیا ہے اور ایونٹ کی منصوبہ بندی کے لیے براڈرکاسٹرز نے 5 دسمبرکو اجلاس بلا رکھا ہے جس میں شیڈول پر ہر صورت بات ہونی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ فریقین نے کسی بھی سمجھوتے کی صورت میں 5 دسمبر تک شیڈول کے اعلان کی امیدیں لگا لی ہیں۔

مزید خبریں :