Time 02 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ ہمیں ان کی نظر میں زیادہ پرکشش بنا دیتا ہے، تحقیق

لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ ہمیں ان کی نظر میں زیادہ پرکشش بنا دیتا ہے، تحقیق
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

دوسروں کے ساتھ ہمدردانہ اور رحمدلانہ رویہ آپ کی جسمانی کشش یا خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔

یہ دلچسپ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

برٹش جرنل آف سوشل سائیکولوجی میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کو نیک دل اور ہمدرد تصور کیا جاتا ہے، انہیں لوگ جسمانی طور پر زیادہ خوبصورت اور پرکشش بھی مانتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ہمارے اقدامات اور الفاظ جسمانی خوبصورتی کے بارے میں ہمارے تصورات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ جسمانی شخصیت پہلی چیز ہوتی ہے جو لوگ سب سے پہلے نوٹس کرتے ہیں، مگر شخصی خصوصیات بھی جسمانی کشش میں اہم کردار ادا کرتی ہیں یا اس کے بارے میں تصورات پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

اس تحقیق میں 4 ہزار سے زائد افراد کو شامل کرکے یہ دیکھا گیا تھا کہ کسی فرد کی ہمدردانہ فطرت دوسروں کی سوچ پر کس حد تک اثرانداز ہوتی ہے۔

تحقیق میں دوسروں کی مدد کرنے یا ایسے ہی دیگر اچھے رویوں کو ٹول کے طور پر استعمال کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ہمدرد اور مدد کرنے والے افراد کو دیگر جسمانی کشش کے لحاظ سے بہت زیادہ ریٹنگ دیتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ اکثر ہم اندرونی خوبصورتی کو اہم قرار دیتے ہیں اور یہی وجہ تھی کہ ہم یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ حقیقی دنیا میں ہمدردی اور سخاوت کس طرح ہمارے تصورات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے اچھے رویے اور لوگوں کی نظر میں زیادہ خوبصورت نظر آنے کے درمیان تعلق ثابت ہوتا ہے۔

مزید خبریں :