04 دسمبر ، 2024
آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران بھارت نے اپنی ٹیم کے اوپن ٹریننگ سیشن پر پابندی لگا دی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 22 نومبر سے شروع ہوئی بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھارت نے ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں 6 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
تاہم اب بھارت نے پوری آسٹریلیا سیریز کیلئے اپنی ٹیم کے اوپن ٹریننگ سیشن پر پابندی لگادی ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہےکہ ایڈیلیڈ میں بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کو دیکھنےکیلئے 5 ہزارسے زائد شائقین آگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریننگ کے دوران بڑی تعداد میں موجود شائقین ویرات کوہلی سمیت پسندیدہ اسٹارز کے حق میں اونچی اونچی آوازیں لگاتے رہے، اوپن ٹریننگ سیشن میں بھارتی کھلاڑیوں نے غیر آرام دہ محسوس کیا جبکہ سیلفیز کی کوشش سے بھی کرکٹرز پریشان ہوئے۔
آسٹریلیا میں ٹریننگ سیشنز کے دوران شائقین کی آمد ایک روایت ہے جب کہ ایم سی جی میں نیٹس باہر ہونے کی وجہ سے ٹریننگ اوپن ہوتی ہے۔
اوپن ٹریننگ سیشن پر پابندی کے حوالے سے ترجمان کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ بھارت نے اپنے باقی ٹریننگ سیشن اوپن نہ رکھنے کی وجہ بتائی ہے، بھارت نے شور اورکھلاڑیوں کی ٹریننگ سے توجہ ہٹانے والے عوامل کی وجہ سے اوپن سیشن نہ رکھنے کا کہا ہے تاہم بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشنز کےدوران میڈیا کو کوریج کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب کے ایل راہول نے اوپن ٹریننگ سیشن پر لگی پابندی پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف ہے، ہمیں اس چیز کی عادت نہیں ہے،ہوم گراؤنڈ پرعوام کی موجودگی میں پریکٹس زیادہ تر ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں کی ہے۔