Time 04 دسمبر ، 2024
دنیا

بھارت: گولڈن ٹیمپل میں سکھ تنظیم اکالی دل کے رہنما پر فائرنگ

امرتسر: سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں سکھ تنظیم اکالی دل کے رہنما سکھبیر سنگھ بادل پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ 

دربار صاحب کے سامنے سکھبیر سنگھ پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو  وہاں موجود لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کی شناخت نارائن سنگھ چوڑا کے نام سے ہوئی ہے۔

62 سالہ سکھبیر سنگھ بادل سکھ رہنماؤں کی جانب سے دی گئی سزا کے طور پر  گولڈن ٹیمپل کے داخلی دروازے پر نیزہ لیے بیٹھے  تھے۔

سکھبیر سنگھ 2009 سے 2017 تک بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ رہے اور اس دوران ان کی جماعت کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں کے اعتراف میں سکھ رہنماؤں کی جانب سے انہیں سیوادار کے طور پر گولڈن ٹیپمل میں زائرین کے جوتے صاف کرنے، برتن دھونے اور دیگر امور انجام دینے کی سزا دی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نارائن سنگھ چوڑا نے ایک گولی چلائی جو سکھبیر سنگھ کو لگنے کے بجائے گولڈن ٹیمپل کے ستون پر لگی۔

پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور حملے کی وجوہات  جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں :