04 دسمبر ، 2024
افغانستان میں طالبان قیادت نے اعلیٰ تعلیم پر پابندی کے بعد خواتین کو نرسنگ اور دائی کے کورسز سمیت صحت کی تعلیم سے روکنے کا حکم دے دیا۔
وزارت صحت کے حکام نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کوپابندی سے آگاہ کرتے ہوئے خواتین سے 10 دن میں حتمی امتحان لینے کی ہدایت کردی تاہم اس ضمن میں کوئی تحریری حکم جاری نہیں کیا گیا۔
غیر ملکی خبرساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز وزارت صحت کے حکام نے میڈیکل کی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کے سربراہان سے ملاقات میں پابندی سے آگاہ کیا۔
خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ حکام کی جانب سے اس فیصلےکی وجوہات بتانے سے گریز کیا گیا اور صرف یہ بتایا گیا کہ یہ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کا حکم ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق کچھ اداروں کی جانب سے حکام سے مزید وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ دیگر ادارے کوئی تحریری حکم نہ ملنے کے باعث معمول کےمطابق کام کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ طالبان نے اقتدار میں آنے کے بعد لڑکیوں پر سیکنڈری سطح کے بعد تعلیم جاری رکھنے پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے میڈیکل سمیت چند ہی شعبے دستیاب تھے۔