05 دسمبر ، 2024
راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگو ہر خان اور بیرسٹرسلمان اکرم راجہ کی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں تکرار ہوگئی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر خان کمرہ عدالت میں گفتگو کے دوران ایک دوسرے سے تلخ ہوگئے۔ علیمہ خان بیرسٹر گوہر کو آڑے ہاتھوں لیتی رہیں، دونوں کے مابین تکرار ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کی متضاد تعداد پر ہوئی۔
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا آپ نے 12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر 12 شہادتوں کے اعدادو شمار پر ڈٹے رہے۔ بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان سے کہا ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کےکیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے سوال پوچھا کہ آپ کو معلوم ہے ہمارے کتنے لوگ لاپتہ ہیں؟ بیرسٹر گوہر نےکہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کررہی ہیں۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ تکرار کے دوران بیرسٹر گوہر کی حمایت کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرنے میں لگی ہے، یقین کریں اس معاملے کو پارٹی ایسے ہی نہیں جانے دےگی۔
بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا میرے پاس 12 شہادتوں کے سوا کوئی مصدقہ شہادت نہیں، میں کیسے کہہ دوں کہ سیکڑوں لوگ شہید ہوئے۔
علیمہ خان نے پوچھا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھرگئے؟ بیرسٹر گوہر نےکہا یہ سلمان اکرم راجہ سے پوچھیں جو کارکن کنٹینر سے گرا اس کےگھر گئے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نےگفتگو میں مداخلت کرتے ہوئےکہا کہ جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں خدا کے لیے ان کو لاپتہ نہ کہیں۔