09 دسمبر ، 2024
ایک اہم امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے پچھلے ہفتے شام میں روابط اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ کام کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے نام ظاہر کئے بغیر سینیئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ امریکا نےعراق کو شام کی بے امنی کی طرف متوجہ نہ ہونے کی ترغیب دی اور یہ بھی کہا کہ شام کی تاریخ شامی لکھیں گے، واشنگٹن سے کوئی بلیو پرنٹ نہیں نکلے گا۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا کو اسد سے ان کے زوال کے آخری دنوں میں کوئی پیغام نہیں ملا۔
امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو شام کے ہتھیاروں کی کھیپ کا علم ہے، امریکا نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی محتاط اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہتھیاروں کی کھیپ کسی کے ہاتھ نہ لگے اس کیلئے امریکا جو کر سکتا ہے وہ کر رہا ہے۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا ترک حکام سے بات چیت کرتا رہا ہے، بشار الاسد کا تمام مناسب چینلز کیلئے تعاقب کیا جائے گا۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا کی توجہ کا مرکز نیا شام ہے، شام کے باغی رہنما اب تک سب درست باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شام میں روسی اڈوں کی حیثیت کے بارے میں قیاس آرائی نہیں کی جا سکتی۔