09 دسمبر ، 2024
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عادل بازئی کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس عائشہ ملک بھی 3 رکنی بینچ کا حصہ تھے۔
سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا الیکشن کمیشن کا 21 نومبر کا فیصلہ معطل کر دیا۔
عدالت عظمیٰ نے عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست پر عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کی تھی۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے قومی اسمبلی میں پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے اپوزیشن بینچز میں جاکر بیٹھنے پر اسپیکر سردار ایاز صادق کو کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔
عادل بازئی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر کیے گئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔