Time 09 دسمبر ، 2024
دنیا

ہیٹی: جادو ٹونے سے بیٹے کی ہلاکت کا شبہ، گینگ لیڈر نے 110 معمر افراد کو قتل کروا دیا

ہیٹی: جادو ٹونے سے بیٹے کی ہلاکت کا شبہ، گینگ لیڈر نے 110 معمر افراد کو قتل کروا دیا
 تمام افراد کو تیز دھار آلات کی مدد سے قتل کیا گیا، قتل کرائے گئے تمام افراد کی عمریں 60 برس سے زائد تھیں: غیر ملکی میڈیا۔ فوٹو فائل

شمالی امریکی ملک ہیٹی میں ایک گینگ لیڈر نے جادو ٹونے کے اثرات سے بیٹے کی ہلاکت کے شبے میں 110 معمر افراد کو قتل کروا دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم نیشنل ہیومن رائٹس ڈیفنس نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ ہیٹی کے شہر سیٹے سولے کے علاقے میں گینگ لیڈر نے جادو کے الزامات پر 100 سے زائد معمر افراد کو قتل کرا دیا۔

رپورٹ کے مطابق گینگ لیڈر نے اپنے بچے کی بیماری اور دو دن میں انتقال پر 110 بزرگوں کو جادو ٹونا کرانے کے الزام میں قتل کرایا، 60 افراد کو جمعے کے روز اور 50 کو ہفتے کے روز قتل کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تمام افراد کو تیز دھار آلات کی مدد سے قتل کیا گیا، قتل کرائے گئے تمام افراد کی عمریں 60 برس سے زائد تھیں۔

سیٹے سولے کا شمار ہیٹی کے گنجان آباد علاقے میں ہوتا ہے اور اسے ہیٹی کے بہت زیادہ غربت والے علاقوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

گینگ کا سیٹے سولے پر اس قدر زیادہ کنٹرول ہے کہ وہاں موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی ہے جس کے باعث شہری معلومات کو دیگر علاقوں تک بھی نہیں پہنچا سکتے۔

وارف جیریمی گینگ کی سربراہی فیلکس نامی شخص کرتا ہے جس کے پڑوسی ملک ڈومینکن ری پلبک میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

مزید خبریں :