08 دسمبر ، 2024
کراچی: پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن (پی اے اے) نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے درخواست کی ہے کہ وہ میڈیالوجک کی جانب سے فراہم کردہ ٹیلی ویژن آڈینس میژرمنٹ (ٹی اے ایم) سروسز کی 30 دن کیلئے معطلی کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
یہ درخواست پی اے اے کے چیئرمین احمد کپاڈیا کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو تحریری خط کے ذریعے کی گئی ہے۔
خط میں پی اے اے نے اس معطلی کے پاکستان کی اشتہاری اور میڈیا انڈسٹری پر ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایسوسی ایشن نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی اے ایم ڈیٹا ایڈورٹائزرز اور براڈکاسٹرز کے لیے ایک نہایت اہم ذریعہ ہے اور ماہانہ بنیادوں پر اربوں روپے اس ڈیٹا کی بنیاد پر مختص کیے جاتے ہیں، اس ڈیٹا کی معطلی سے نہ صرف انڈسٹری کے معمولات متاثر ہوں گے بلکہ پہلے سے موجود معاشی مشکلات کے دوران میڈیا انڈسٹری کی پائیداری کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
پی اے اے کے چیئرمین احمد کپاڈیا نے اپنے خط میں کہا کہ ہم اس فیصلے کے پیچھے پیمرا کے تحفظات کو تسلیم کرتے ہیں تاہم ہم احترام کے ساتھ درخواست کرتے ہیں کہ میڈیالوجک کو معطلی کی اس مدت کے دوران ٹی اے ایم ڈیٹا کا اشتراک جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، یہ اقدام صنعت کو انتہائی ضروری استحکام فراہم کرے گا جب کہ پیمرا اپنے بنیادی خدشات کو دور کرے گا۔
پی اے اے نے اس بات پر زور دیا کہ اس اپیل کا مقصد پیمرا کے استدلال کو مسترد کرنا نہیں ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جائزے کے عمل کے دوران پوری صنعت کے اسٹیک ہولڈرز غیر متناسب طور پر متاثر نہ ہوں۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ پیمرا اس درخواست پر غور کرے گا اور اسے میڈیا اور اشتہاری شعبوں کی ترقی، اعتماد اور استحکام کے لیے اہم سمجھتے ہوئے مناسب فیصلہ کرے گا۔