Time 10 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم 99 سالہ مہاتیر محمد نے طویل زندگی کا آسان راز بتا دیا

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم 99 سالہ مہاتیر محمد نے طویل زندگی کا آسان راز بتا دیا
مہاتیر محمد / رائٹرز فوٹو

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد 2025 میں 100 سال کے ہو جائیں گے اور ان کی طویل العمری کا راز اعتدال میں زندگی گزارنا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران مہاتیر محمد نے بتایا کہ 'میں بہت زیادہ کھانا نہیں کھاتا، موٹاپا زندگی کی بقا کے لیے اچھا نہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'عمر وقت کا تعاقب نہیں کرتی بلکہ عمر جسمانی صحت کے پیچھے چلتی ہے یعنی آپ کیسے متحرک رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بڑھاپا وقت کی وجہ سے نہیں، اس لیے نہیں کہ آپ 60 سال کے ہونے پر بوڑھے ہوگئے ہیں، آپ 90 سال کے ہوسکتے ہیں، مگر اس عمر میں بھی اگر آپ مضبوط ہیں، کام کرنے اور متحرک رہنے کے قابل ہیں تو 90 سال کی عمر کو بڑھاپا نہیں کہا جاسکتا'۔

مہاتیر محمد کے مطابق بڑھاپے کے بارے میں لوگوں کے خیالات وقت کے ساتھ تبدیل ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ابھی 60 یا 65 سال کی عمر کو بڑھاپا تصور کیا جاتا ہے مگر ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ماضی میں 30 سال کی عمر کو بھی بڑھاپا ہی مانا جاتا تھا، جولیس سیزر کے عہد میں قائدین عمر کی چوتھی دہائی تک ہی متحرک رہتے ہیں کیونکہ وہ بہت جلد مر جاتے تھے'۔

مہاتیر محمد پہلے 1981 سے 2003 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے تھے اور وہ 2018 میں دوبارہ سیاست کا حصہ بنے اور اسی سال 92 سال کی عمر میں ایک بار پھر وزیراعظم منتخب ہوئے، البتہ انہوں نے 2 سال کے اندر عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

ان کے مطابق 2003 میں عہدہ چھوڑنے پر انہیں پچھتاوا ہوا تھا 'کیونکہ اس وقت میں 80 سال کا بھی نہیں ہوا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ 'جب میں 80 سال کا ہونے والا تھا تو میں نے خود کو کہا کہ 80 سال بہت زیادہ بڑھاپے کی علامت ہے، میرا خیال تھا کہ اب میں زیادہ اچھی طرح کام نہیں کرسکوں گا، مگر ریٹائر ہونے کے بعد میں نے دریافت کیا کہ میں کام کرنے کے قابل ہوں'۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ تجربہ عمر کے ساتھ آتا ہے اور معاشرے کو معمر ورکرز کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر آپ معمر افراد کو افرادی قوت میں برقرار رکھتے ہیں اور جلد ریٹائر کرنے کی بجائے کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہیں تو آپ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں'۔

مزید خبریں :