پاکستان

مذاکرات کیلئے حکومت سے خود رابطہ، پی ٹی آئی اپنے پیشگی مطالبات سے پیچھے بھی ہٹ گئی

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان آج باضابطہ مذاکرات کے آغاز کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پانچ رکنی کمیٹی حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرے گی جس میں بیرسٹر گوہر، عمرایوب، صاحبزادہ حامد رضا، اسدقیصر اور علی محمد خان شامل ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفاہمت کی فضا پیدا کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی مذاکرات کی پیش کش قبول کی ہے، سیاست میں مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہوتا ہے، انتشار نہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے اپنے پیشگی مطالبات سے پیچھے ہٹ گئی، پی ٹی آئی 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن چاہتی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرنے  اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق سے رابطہ کیا اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر اور سلمان اکرم راجا کی کچھ دیربعد ایاز صادق سے ملاقات ہوگی، ابتدائی ملاقات میں پی ٹی آئی اورحکومت میں مذاکرات سے متعلق گفتگومتوقع ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبات بھی پیش کیےجانےکاامکان ہے۔

جیونیوز سے گفتگو میں سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم  کا کہنا تھاکہ غیر رسمی گفتگو کا مطلب یہ نہیں کہ مذاکرات شروع ہوگئے، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہیں ہوا۔

مزید خبریں :