11 دسمبر ، 2024
کراچی میں رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 479 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس بات کا انکشاف ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد بڑھتے حادثات ہیں، روز شہری مارے جا رہے ہیں۔ مختلف ٹریفک حادثات میں رواں سال 479 افراد جان سے گئے۔ رواں سال حادثات میں 401 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔گزشتہ دنوں سے ان حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ رواں سال ٹریفک حادثات سے متعلق 345 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ شہر میں ترقیاتی کاموں کے سبب ہیوی ٹریفک کی آمدورفت بڑھی ہے۔ ہیوی ٹریفک کے خلاف چلان بڑھایا جائےگا۔ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔ کوشش کریں گے ٹریفک حادثات کو کم کیا جائے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ سڑک پرموٹرسائیکل سواروں کے زیادہ حادثات ہو رہے ہیں۔ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والےکو تھانے سے ضمانت نہیں دیں گے۔ غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والے عدالت سے ضمانت حاصل کریں گے۔ تقریباً 57 فیصد حادثات چھوٹی گاڑیوں یا غفلت کے باعث ہوتے ہیں۔ ہیوی ٹریفک کے خلاف چلان بڑھایا جائےگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے۔ مہم چلائیں گے موٹرسائیکل سوار افراد کو سمجھائیں گے۔ شہر میں بیشتر موٹر سائیکل سوار سائیڈ گلاس کا استعمال بھی نہیں کرتے۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہم قیمتی جانیں بچاسکتے ہیں۔