Time 11 دسمبر ، 2024
پاکستان

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز میں7 خوارج ہلاک، ایک جوان شہید

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے  2 مختلف آپریشنز میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے ایک جوان شہید ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر پہلا آپریشن میران شاہ میں کیا جس میں 4 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میران شاہ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں کی۔ اس آپریشن میں مزید 3 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد امین شہید ہوگئے۔

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے 2  آپریشنز میں7 خوارج ہلاک، ایک جوان شہید
 34 سال کے لانس نائیک محمد امین شہید کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔—فوٹو: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سال کے لانس نائیک محمد امین شہید کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں  پائے جانے والے کسی اور خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے دو مختلف آپریشنزمیں 7 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسزکو سراہا۔

وزیراعظم شہبازشریف نےجام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد امین شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسزکو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے، ہرقسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے  پرعزم ہیں۔

مزید خبریں :