12 دسمبر ، 2024
بھارت میں ایک صارف کی شکایت پر عدالت نے رنگ گورا کرنے والی کریم کی کمپنی پر 15 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے جین نکھل نے 2013 میں شاہ رخ خان کا ایک اشتہار دیکھا جس میں وہ کمپنی کی رنگت صاف اور خوبصورت (Fair and Handsome)کرنے والی کریم کو استعمال کرتے ہوئے خوبصورت نظر آنے کو کہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اشتہار دیکھنے کے بعد نکھل نے کمپنی کے مقرر کیے گئے وقت (3 ہفتوں) تک باقاعدگی سے کریم کو استعمال کیا مگر 3 ہفتوں بعد بھی اس کے رنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پر نکھل کمپنی کے خلاف کنزیومر کورٹ چلاگیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ایک طویل قانونی جنگ اور دونوں جانب سے متعدد اپیلوں کے بعد بلآخر عدالت نے 11 سال بعد نکھل کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی پر 15 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا۔
عدالت نے کمپنی کے اشتہار کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروڈکٹ کو واضح طور پر رنگ صاف اور خوبصورت کرنے کے لیبل سے بیچا گیا مگر اس پر بہت کم اور نامکمل ہدایت دیتے ہوئے لکھا گیا کہ کریم کا 3 ہفتوں تک باقاعدگی سے استعمال رنگ کو صاف اور خوبصورت کرے گا حالانکہ کمپنی جانتی تھی کہ لکھی گئی ہدایات نامکمل ہیں اور وہ نتائج نہیں آئیں گے جن کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کے 15 لاکھ میں سے 14 لاکھ 50 ہزار دہلی کنزیومر ویلفیئر فنڈ کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے جائیں جب کہ 50 ہزار نکھل کو بطور معاوضہ دیےجائیں۔
اس کے علاوہ عدالت نے قانونی مقدمات پر خرچ ہونے والے 10 ہزار روپے بھی صارف کو ادا کرنے کا حکم دیا۔