12 دسمبر ، 2024
کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمےکا فیصلہ سناتے ہوئے لڑکی کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز وائرل کرنے پر ملزم کو مجموعی طور پر 9 سال قید کی سزا سنادی۔
لڑکی کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنےکے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی۔
مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد شعیب کو مجموعی طور پر 9 سال قید کی سزا سنائی، ملزم پر مجموعی طور پر 90 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم بھی دیا، عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزم کو اسی طرح کے کیس میں 2017 میں بھی سزا ہوچکی ہے ، ملزم کی اپیل تاحال سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، ملزم نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلا کر پریشان کرتارہا ہے، ملزم جان بوجھ کرمتاثرہ لڑکی کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا رہا ہے۔
ایف آئی اے کا مؤقف تھا کہ ملزم متاثرہ لڑکی کا منگیتر تھا، منگنی ختم ہونے پر ملزم نے تصاویر وائرل کردیں۔