13 دسمبر ، 2024
قومی اسمبلی اجلاس میں وزرا کی عدم دلچسپی کا مظاہرہ جاری ہے، وقفہ سوالات میں جوابات دینے کیلئے ایک مرتبہ پھر سے کوئی بھی وزیر ایوان میں نہ آیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے ارکان نے وزرا کی عدم موجودگی پر شدید احتجاج کیا تو ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کچھ دیر کیلئے مؤخر کر دی۔
آدھا گھنٹہ انتظار کے باوجود بھی جب کابینہ کے کسی رکن نے ایوان کارخ نہ کیا اور اجلاس جب دوبارہ شروع ہوا تو پیپلز پارٹی بھی وزرا کی عدم موجودگی پر برہم ہوگئی۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ ایوان میں موجود رہنا وزرا کی آئینی ذمہ داری ہے، اس معاملے پر انتہائی سخت رولنگ آج ہی آنی چاہیے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا گزشتہ روز بھی اس معاملے پر رولنگ دی تھی لیکن کسی نے بات نہ سنی، آج وزیراعظم کو خط لکھوں گا۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ وزرا کی عدم موجودگی میں ایوان نہیں چلا سکتا لہٰذا قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ دن گیارہ بجے تک ملتوی کرتا ہوں۔