16 دسمبر ، 2024
غزہ میں اپنی شہید نواسی کو ’روح کی روح‘ کہنے والا فلسطینی خالد نبحان بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگیا۔
غزہ کے جنوبی علاقے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں آج ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں خالد نبحان بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
خالد وہی فلسطینی ہیں جنہوں نے غزہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والی اپنی 3 سالہ نواسی ریم کو اپنی ’روح کی روح‘ کہتے ہوئے الوداع کہا تھا، یہ واقعہ 22 نومبر 2023 کو غزہ کے النصیرات کیمپ میں پیش آیا تھا۔
اسرائیلی حملے کے بعد خالد کی اپنی شہید نواسی ریم کی لاش کو تھامے، اس کے چہرے سے گرد صاف کرتے اور اس کے بالوں کو درست کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریم کی شہادت کے بعد خالد نے اپنے غم کو عمل میں بدل دیا، وہ اکثر زخمی خاندانوں کی مدد کرتے اور ان کے لیے امداد فراہم کرتے دیکھے گئے۔
انہوں نے ’ریم: روح کی روح‘ کے نام سے ایک مہم بھی شروع کی جس کا مقصد غزہ کے بچوں کے چہروں پر خوشیاں لانا تھا، وہ بچوں میں کھلونے اور تحائف تقسیم کرتے تاکہ ان کے دکھوں کو کم کیا جا سکے۔
خالد کی شہادت نے ایک ایسے شخص کی زندگی کا اختتام کیا ہے جس کے محبت، ہمدردی اور مزاحمت کے جذبے نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا۔