16 دسمبر ، 2024
ڈھاکا: بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے اشارہ دے دیا۔
16 دسمبر کو بنگلادیش کے قیام کے حوالے سے قوم سے خطاب میں محمد یونس نے کہا کہ اگر انتخابی اصلاحات مکمل کرلی جائیں تو ملک میں 2025 کے آخر تک انتخابات ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ چند ماہ قبل بڑے عوامی مظاہروں کے نتیجے میں عہدے سے مستعفی ہو کر بھارت فرارہوگئی تھیں جس کے بعد بنگلادیش میں نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت کام کر رہی ہے۔
محمد یونس کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اگر سیاسی اتفاق رائے پیدا ہو جائے اور ووٹر لسٹ درست طریقے سے تیار کی جائے تو معمولی اصلاحات کے ساتھ 2025 کے آخر تک انتخابات ممکن ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بعد ہی انتخابات ممکن ہوں گے، اگر مزید اصلاحات درکار ہوئیں اور قومی اتفاق رائے کو مدنظر رکھا جائے تو اس میں کم از کم 6 ماہ اور لگ سکتے ہیں۔