17 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں مختلف صوبوں اور یونٹس کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک پنجاب 62گولڈ میڈلز کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 351 میڈلز تقسیم کیے جا چکے ہیں جن میں 102 گولڈ، 102 سلور اور 147 برانز میڈلز شامل ہیں۔
پنجاب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 126 میڈلز کے ساتھ برتری حاصل کر رکھی ہے جن میں 62 گولڈ، 41 سلور اور 23 برانز میڈلز شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا نے 60 میڈلز حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے جن میں 11 گولڈ، 23 سلور اور 26 برانز میڈلز شامل ہیں۔
سندھ نے مجموعی طور پر 46 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جن میں 11 گولڈ، 15 سلور اور 20 برانز میڈلز شامل ہیں۔
بلوچستان نے 45 میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے جن میں 12 گولڈ، 10 سلور اور 23 برانز میڈلز شامل ہیں۔
اسلام آباد 40 میڈلز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جن میں 5 گولڈ، 6 سلور اور 29 برانز میڈلز شامل ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر نے 22 میڈلز حاصل کیے جن میں 1 گولڈ، 5 سلور اور 16 برانز میڈلز شامل ہیں جبکہ گلگت بلتستان نے 12 میڈلز جیتے جن میں 2 گولڈ اور 10 برانز میڈلز شامل ہیں۔
ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کر رہے ہیں اور کھیلوں کے ذریعے قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ شائقین کی دلچسپی اور جوش و خروش نے ان مقابلوں کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔