18 دسمبر ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے خارج کر دیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف اعتزاز احسن سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی جس دوران درخواست گزار اور سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا اقدام قانون کے منافی ہے، اسکولوں کے پرائیویٹ ہونے سے فیسوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔
درخواست گزار نے اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غریب کے بچے سرکاری اسکولز کی بنیادی تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔
اس موقع سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ بند سرکاری اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، آؤٹ سورس اسکولز بھی پنجاب حکومت کے زیر ہی رہیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف درخواستیں مسترد کرتے ہوئے خارج کر دیں۔