18 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: نان فائلرز پر پابندیوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ٹیکس لاء ترمیمی بل پیش کردیا گیا۔
قومی اسمبلی میں پیش کیےگئے ٹیکس لاء ترمیمی بل 25-2024 کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز پر 800 سی سی سے زائد گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی، نان فائلرز مخصوص حد سے زیادہ جائیداد نہیں خرید سکیں گے، نان فائلرز پر مخصوص حد سے زیادہ شیئرز کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی، نان فائلر بینک اکاؤنٹ اوپن نہیں کر سکیں گے، نان فائلرز ایک حد سے زیادہ بینکنگ ٹرانزیکشنز نہیں کرسکیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز کو موٹر سائیکل، رکشا اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے، غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد جائیداد ٹرانسفر نہیں کرسکیں گے، غیر رجسٹرڈ افراد کی پراپرٹی اور کاروبار حکومت سیل کرنے کی مجاز ہوگی، ایف بی آر جن لوگوں کے نام کی لسٹ جاری کرے گا ان کے اکاؤنٹس منجمدکیے جائیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے پر بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے، ایسے افراد پر پراپرٹی ٹرانسفر پر پابندی ہوگی، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے دو دن بعد اکاؤنٹس غیرمنجمدکیے جائیں گے، اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کے لیے چیف کمشنر کے پاس اپیل کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ فائلر کے والدین، بیوی اور 25 سال تک کی عمر کے بچے فائلر تصور ہوں گے۔
مذکورہ بالا پابندیوں کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔