18 دسمبر ، 2024
احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی آج کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے حتمی دلائل مکمل کرلیے جبکہ پراسیکیوشن ٹیم نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کیے تھے۔
عدالت نے فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا 23 دسمبر کو فیصلہ سنائیں گے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی بیان ریکارڈ کروایا۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔