25 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: پاکستان سپورٹس بورڈ نے میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جیو نیوز کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت سمر، ونٹر اور پیرا اولمپکس گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کو اب ایک کروڑ روپے انعام ملے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر 75 لاکھ روپے اور کانسی کے تمغے پر 50 لاکھ روپے انعام ہوگا جبکہ ایشین گیمز کے گولڈمیڈلسٹ کو 75 لاکھ، سلور میڈلسٹ کو 50 لاکھ اور برونز میڈلسٹ کو 30 لاکھ روپے ملا کریں گے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں سونےکا تمغہ جیتنے پر 50 لاکھ، چاندی کے تمغے پر 30 لاکھ اور کانسی کے میڈل پر 20 لاکھ روپے انعام ہوگا جبکہ اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 2 لاکھ روپے انعام رکھا گیاہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بلائنڈ ورلڈ گیمز اور ڈیف اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ کو مختلف کیٹیگریز میں 20 لاکھ، 10 لاکھ اور 5 لاکھ انعام ملے گا جبکہ کامن ویلتھ اور اسلامک سولیڈیریٹی گیمز میں پیرا ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر 50 لاکھ روپے ملیں گے۔
اسپورٹس بورڈ کے مطابق ایشین چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کو 20 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائیگی، نیشنل گیمز اور قائد اعظم گیمزکے انفرادی گولڈ میڈل ونرز کو 10 لاکھ روپے ملیں گے، سلور اور برونز میڈلسٹ کو بدستور 5 لاکھ اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے کا انعام ملے گا۔
نیشنل گیمز اور قائد اعظم گیمزکےٹیم ایونٹ کے میڈلسٹس کا انعام 5 لاکھ، 2 لاکھ 50 ہزار اور ایک لاکھ روپےکر دیاگیا ہے۔
اسپورٹس بورڈ کے مطابق کیش ایوارڈ پالیسی کے تحت تمام میڈلسٹس کو گولڈ کارڈ بھی جاری ہوگا، گولڈ کارڈ ہولڈر پی ایس بی اور کوچنگ سینٹرز کی تمام سہولیات پاسکیں گے۔