26 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سال 2024 میں ملک میں ہونی والی بیرونی سرمایہ کاری میں 11.58 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق سال 2024 کے 11 مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری 11.58 فیصد بڑھی، جنوری سے نومبر 2024 کے دوران بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 2.05 ارب ڈالر رہا جو سال 2023 کے ابتدائی 11 مہینوں میں 1.84 ارب ڈالر تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سال 2024 کے 11 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری 21.34 کروڑ ڈالر زائد رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ ملکی نجی شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری 23 فیصد اضافے سے 2.25 ارب ڈالر رہی، نجی شعبے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 31 فیصد بڑھی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نجی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری کی آمد 46 فیصد اضافے سے 3.41 ارب ڈالر رہی اور نجی شعبے سے براہ راست سرمایہ کاری کا خروج 93.5 فیصد بڑھ کر 1.04 ارب ڈالر رہا۔
اسٹیٹ بینک اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسٹاک مارکیٹ سے 2024 کے 11 ماہ میں 10.77 کروڑ ڈالر کا نکالے گئے اور 2024 میں اوسط ماہانہ 98 لاکھ ڈالر نکالے گئے جن میں سے ملکی سرکاری شعبے سے 19.86 کروڑ ڈالر نکالے گئے جبکہ سرکاری شعبے سے اوسط ماہانہ 1 اعشاریہ 8 کروڑ ڈالر نکالے گئے۔