Time 01 جنوری ، 2025
پاکستان

پاکستان میں سال نو کا آغاز، مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی


پاکستان میں سال نو کا آغاز، مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی
کراچی میں گورنرہاؤس میں بھی زبردست آتش بازی کی گئی—فوٹو: آن لائن

نئے خواب، نئی امیدیں، نیا سال، خوش آمدید 2025، جیونیوز کی طرف سے اہل وطن کونیا سال مبارک ہو۔

نئے سال کی آمد پر کراچی، اسلام آباد، روہڑی سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی، کہیں عہد و پیمان کیے گئے تو کہیں نئے سال کی خوشی میں منچلے ہلہ گلہ کرتے نظر آئے۔

کراچی میں پورٹ گرینڈ اور گورنر ہاؤس میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔گورنر ہاؤس کراچی میں 40 منٹ تک آتش بازی کی گئی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آتشبازی کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہوا، سندھ کو ایک اور عالمی ریکارڈ کا حامل بنا دیا۔

دوسری جانب  راولپنڈی اور لاہور میں بھی نئے سال کا جشن  منایا گیا ۔منچلوں نے ہلہ گلہ  اور کنسرٹ کا اہتمام  کیا۔شہر اقتدار اسلام آباد میں ایف ایٹ اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر بھی جشن کا سلسلہ جاری رہا۔

کوئٹہ میں بھی نئےسال کی آمد کی خوشی میں شہر کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں نئے سال کے سلسلے میں عبادات اور دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ آزادکشمیر میں بھینیو ایئر نائٹ پر زیرو پوائنٹ کیرن ایل او سی پر کشمیریوں نے سال نو کا استقبال کیا،آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔

علاوہ ازیں حیدرآباد،گوجرانوالہ سمیت ملک کی دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے سال نو کا جشن منایا اور  نئے سال کی آمد پر خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔

 واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ سے بچنے کے لیے آتش بازی پرپابندی عائد کی گئی تھی، جبکہ مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

مزید خبریں :