01 جنوری ، 2025
اسلام آباد: حکومت نے 10سال سے زائد عمر کے بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم کا لازمی حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فیچرزکے تحت 10سال سے زائد عمر کے بچوں کےانگلیوں کےنشانات اور تصویر کو ب فارم کا لازمی حصہ بنا دیاگیا ہے اور خصوصی ب فارم (رجسٹریشن سرٹیفکیٹ)کا اجرا مرحلہ وار 15جنوری سے کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق نادرا کامحکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے بچوں کی انگلیوں کے نشانات، تصویر ب فارم میں شامل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 15جنوری سے 10سال سے زائد اور 18سال سےکم عمربچوں کی انگلیوں کے نشانات اور تصویریں لی جائیں گی، انگلیوں کے نشانات اور تصویریں نادرا سینٹرز پر لی جائیں گی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اقدامات سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اور غلط استعمال روکنے میں مدد ملے گی، بچوں کے جعلی شناختی کارڈز، غیر قانونی پاسپورٹ کے حصول اور انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام ہو سکے گی۔