02 جنوری ، 2025
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نےکہا ہےکہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا عادت بنانا ہوگا اور فتح کی لائن کو کراس کرنا ہوگا، مجھے اس ٹیم کی صلاحیتیوں پر پورا بھروسہ ہے، ٹیم کے نتائج اس ٹیم کے ٹیلنٹ کے عکاس نہیں۔
کیپ ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعودکا کہنا تھا کہ حتمی الیون کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، ایک بار دوبارہ وکٹ دیکھیں گے پھر طے کریں گے، کیپ ٹاؤن کی وکٹ سنچورین سے مختلف ہے، گھاس تھوڑا کم ہے، کنڈیشنز دیکھ کر اپنی بہترین الیون کا فیصلہ کریں گے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم میں اب بھی چار سیمرز ہیں، ان کے پاس آلراؤنڈرز ہیں، جنوبی افریقا آلراؤنڈرز کی وجہ سے حتمی الیون میں آسانی سے فیصلہ لے سکتی ہے، میرا خیال ہے یہاں اب بھی پیسرز کا تھوڑا بہت کردار ضرور ہوگا، ہم دیکھیں گےکہ اسپشلسٹ اسپنرز کے ساتھ جائیں یا وہی کامبی نیشن رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر جمال ٹیسٹ ٹیم کا ایک اہم کردار ہے، نمبر 8 پوزیشن پر اس کا کافی اہم رول ہے، سنچورین میں میچ کی صورتحال کی وجہ سے اس کو زیادہ موقع نہیں مل سکا، ہم نے ایک اوور کا چانس لیا تھا لیکن وہ ہمارے کام نہیں آیا، ہمیں امید ہے کہ وہ کیپ ٹاؤن میں زیادہ بولنگ کریں گے، ہر روز ایسا نہیں ہوسکتا کہ عباس یا کوئی ایک بولر لگاتار 20 اوورز کرائے۔
خیال رہےکہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔