Time 03 جنوری ، 2025
پاکستان

پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں

پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں
فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی 2 سالہ مدت کا آغاز کر دیا۔

اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے غیرمستقل ارکان کی ذمہ داریاں سنبھالنےکی تقریب ہوئی۔

پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے غیر مستقل ارکان کے پرچم رکھنےکی تقریب میں شرکت کی اور پھر سلامتی کونسل میں پاکستان کا پرچم لگا دیا گیا۔

جس کے بعد اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستان کی غیر مستقل رکن کے طور پر 2 سالہ مدت کا آغاز ہوگیا۔

دیگر غیر مستقل ارکان ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ کے پرچم بھی لگائے گئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان آٹھویں بار غیر مستقل رکن منتخب ہوا ہے۔گزشتہ سال جون میں پاکستان کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 193رکن ممالک میں سے 182 کے ووٹ ملے تھے۔

سلامتی کونسل 5 مستقل اور 10غیر مستقل ارکان پر مشتمل ہے۔ مستقل ارکان میں امریکا، برطانیہ،روس،چین اور فرانس شامل ہیں۔

مزید خبریں :