Time 03 جنوری ، 2025
پاکستان

عمران خان کو 20 دسمبرتک رہائی کی نوید دی گئی، یہ آفر اسٹیبلشمنٹ کی مرضی سے دی گئی تھی: شیرافضل کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کو 20 دسمبر تک رہا کرنے کی نوید دی گئی اور یہ آفر اسٹیبلشمنٹ کی مرضی سے دی گئی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ ارکان نے تصدیق کی کہ انفرادی طور پر کوئی یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں کہ تحریری مطالبات دیں، ارکان چاہتے ہیں کہ تحریری مطالبات پر پہلے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہو۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے سے احتجاج کی طاقت دس گنا بڑھ جائے گی، اس لیے حکومت کچھ ضمانتیں چاہتی ہے، ضروری نہیں کہ ہم بھی 26 نومبر جیسا احتجاج کریں، کچھ رعایتیں ہماری طرف سے بھی دی جاسکتی ہیں، حالیہ ضمانتوں کا تعلق مذاکرات کے عمل سے نہیں۔

ان کا کہناتھاکہ امریکا میں پی ٹی آئی کی تنظیم اپنے طور پراقدامات کرتی ہے، پی ٹی آئی ہر جگہ کوشش کررہی ہے کہ عالمی دباؤ اس حد تک ہو کہ بنیادی حقوق کی پامالی رک جائے جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے حالیہ دنوں میں کوئی مداخلت سامنے نہیں آئی ہے۔

شیر افضل نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی قریب ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ براہ راست بھی کئی مواقعوں پر رجوع کیا گیا،24 نومبر کے احتجاج سے پہلے تجویز آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو نتھیا گلی منتقل کیا جائے گا، نتھیا گلی میں گورنر ہاؤس کی صفائی ستھرائی بھی کردی گئی تھی لیکن نتیھا گلی منتقلی کی تجویز پی ٹی آئی نے مسترد کردی تھی پھر 20 دسمبر تک بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی نوید بھی دی گئی تھی۔

ان سے سوال کیا گیاکہ کیا یہ آفر وزیرداخلہ محسن نقوی کی طرف سے تھی؟ انہوں نے جواب میں کہا کہ محسن نقوی اکیلے نہیں تھے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :