04 جنوری ، 2025
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کوہاٹ سےکرم کے سرحدی علاقہ چھپری روانہ ہو گئے۔
3 مہینے بعد ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ آج کھلے گی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا کہنا ہے کہ امن کمیٹیاں کسی کو قافلے یا معاہدے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گی۔
بیرسٹر سیف وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر رات گئے کوہاٹ پہنچے تھے، بیرسٹر محمد علی سیف کرم کیلئے پہلے قافلےکو رخصت کریں گے، کوہاٹ کے کمشنر، ڈی آئی جی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران بھی بیرسٹرسیف کے ہمراہ ہوں گے۔
اس حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ 75 سے زائدبڑی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ سکیورٹی حصار میں کرم روانہ کیا جائےگا، گاڑیوں کا قافلہ چھپری کے مقام پر موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قافلے میں 22 ویلر، 10 ویلر اور 6 ویلر ٹرکس شامل ہیں، گاڑیوں میں ادویات، گیس سلینڈراور دیگر ضروری سامان موجود ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے بتایا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ کرم کے لیے پہلا قافلہ آج صبح 10 بجے روانہ ہو گا، قافلہ سیکورٹی حصار میں کرم روانہ کیا جائے گا، 5 ٹرک ادویات، 10 ٹرک سبزیاں، 9 ٹرک گھی و آئل اور 5 ٹرک آٹا روانہ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 7 ٹرک چینی، 2 ٹرک گیس سلینڈرز اور 26 ٹرک دیگر اشیاء پر مشتمل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلیف کا کرم متاثرین کے لیے 17 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کرم انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، امدادی سامان میں 500 خیمے، 500 چٹائیاں اور 200 ترپال شامل ہیں۔ متاثرین کی امدادی سامان میں 500 طبی حفاظتی کٹس، 500 تکیے اور 50 سولر لیمپس بھی شامل ہیں۔
حکام پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ متاثرین کو سردی سے بچاؤ کے لیے 500 کمبل، 500 بستر اور 150 سلیپنگ بیگز دیےگئے ہیں۔