04 جنوری ، 2025
بھارت کے کرکٹر یوزویندر چہل اور ان کی اہلیہ دھناشری ورما کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
یوزویندر چہل اور دھناشری ورما نے 2020 میں شادی کی تھی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوزویندر چہل اور دھناشری نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا اور ساتھ ہی کرکٹر نے دھنا شری کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردیں۔
ان کی اہلیہ دھنا شری ورما نے بھی کرکٹر کو ان فالو کیا ہے لیکن یوزویندر چہل کی تصاویر نہیں ہٹائیں۔
ایک دوسرے کو ان فالو کرنے کے بعد دونوں کی علیحدگی کی خبریں گرم ہیں تاہم دونوں کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
اُدھر ٹائمز آف انڈیا نے کرکٹر چہل اور دھناشری کے قریبی ذرائع سے دونوں کی علیحدگی کی تصدیق کا دعویٰ کیا اور بتایاکہ طلاق کی خبریں درست ہیں لیکن اس کی ابھی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں، جوڑے نے الگ ہونے اور زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹر کے اثاثوں کی مالیت 45 کروڑ بھارتی روپے ہے اور انہیں انڈین پریمیئر لیگ کے 2025 ایڈیشن کیلئے پنجاب کنگز نے 18 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں بھارتی ٹیم کے کرکٹر ہاردک پانڈیا اورسربیئن اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ کے درمیان بھی علیحدگی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت کے ٹی ٹوئنٹی 2024 کے فاتح اسکواڈ میں ہاردک پانڈیا اور یوزویندر چہل بھی شامل تھے۔