05 جنوری ، 2025
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی اور میزبان ٹیم کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقا کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل تھی، فالو آن کے بعد پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں 194رنز پر آؤٹ ہونے اور فالوآن کا شکار ہونے کےبعد دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن سنبھل گئی۔
کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت بناکر کم بیک کی اچھی کوشش کی ہے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر شان مسعود 102 اور خرم شہزاد 8رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور ٹیم کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز ہے۔ بابر اعظم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جنوبی افریقا کو اب بھی 208 رنز کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 3 وکٹ پر 64 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، قومی ٹیم کو ہوم ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 551 رنز درکار تھے۔
تیسرے دن بابر اعظم اور رضوان نے کچھ دیر تک مقابلہ کیا جس کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ پر نہ آسکے۔
بابراعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا 19 اور عامرجمال 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام 12 رنز بناسکے،کپتان شان مسعود نے 2 رنز بنائے جب کہ سعود شکیل صفرپرآؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیواناماپھاکا اور کیشومہاراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو یانسن اور ویان مولڈر نے ایک ایک وکٹ لی۔
جنوبی افریقا کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل تھی۔
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھئ۔ ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائیں۔
جنوبی افریقا نیولینڈز کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد ہوم ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔
جنوبی افریقا کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے، انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جب کہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں لیں۔