متعددتضادات ظاہر کرتے ہیں کہ ویڈیو یا تو آرٹیفیشل انٹیلیجنس(AI) کے ٹولز سے بنائی گئی ہے یا جیو نیوز کی مختلف نشریات کے کلپس کو جوڑ کر ایڈٹ کی گئی ہے۔
06 جنوری ، 2025
سوشل میڈیا پر دعوے گردش کر رہے ہیں کہ جیو نیوز نے حال ہی میں رپورٹ کیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سیاسی حریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھ کر ان پر جھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگی ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے، جیو نیوز نے ایسی کوئی رپورٹ نشر نہیں کی۔
23 دسمبر کو ایک فیس بک اکاؤنٹ نے 39 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں مبینہ طور پر جیو نیوز کی ایک خبر دکھائی گئی، جس پر عبارت درج تھی: ”عمران خان نے نواز شریف سے معافی مانگ لی۔“
ویڈیو میں مبینہ طور پر جیو نیوز کے اینکر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ قید میں موجود سابق وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کو خط لکھا ہے، رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان نے نوازشریف پر جھوٹے کرپشن کیسز میں الجھانے، ان پر الزامات لگانے اور ملک کے نوجوانوں کو”برین واش“ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو کے مطابق، عمران خان نے مبینہ طور پر نواز شریف کو بتایا،”میں اعتراف کرتا ہوں کہ قوم کے بچوں کی غلط سیاسی تربیت کی، ہم نے سیاست میں زہر، نوجوانوں کے ذہن میں انتشاربھرا۔“
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوئی اور اس آرٹیکل کے لکھے جانے تک 20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی،31 ہزار دفعہ شیئر اور 18 ہزار بار لائک کی گئ۔
یہ ویڈیو اور دعوے پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی یہاں اور یہاں شیئر کیے گئے۔
جیو نیوز نے تصدیق کی ہے کہ ایسی کوئی رپورٹ نشر نہیں کی گئی، چینل کے ترجمان نے بتایا کہ اس طرح کی رپورٹ کے نشر ہونے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے، ترجمان نے مزید کہا، ”یہ ویڈیو تبدیل شدہ اور جعلی معلوم ہوتی ہے۔“
جیو فیکٹ چیک کی مزید تحقیقات میں کئی تضادات سامنے آئے، جن سے پتہ چلتا ہے کہ ویڈیو یا تو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے یا جیو نیوز کی مختلف نشریات کے کلپس کو جوڑ کر ایڈٹ کی گئی ہے، نمایاں بے ضابطگیاں درج ذیل ہیں:
ویڈیو میں اینکر کی آواز اسکرین پر نظر آنے والے اینکر سے مطابقت نہیں رکھتی اور اصل جیو نیوز بلیٹن میں لوگو (logo) کے ساتھ ٹائم اسٹیمپ ہوتا ہے، جبکہ آن لائن ویڈیو میں لوگو کے ساتھ کوئی ٹائم اسٹیمپ موجود نہیں۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔