07 جنوری ، 2025
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان شان مسعود نے شاندار اننگز کی بدولت 27 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
پیر کو جنوبی افریقا نے پاکستان کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے ہرا کر 2 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔
میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز اسکور کیے تھے اور پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔
فالو آن کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں478 رنز بناکر 57 رنز کی برتری لی۔ شان مسعود نے دوسری اننگز میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 145 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 81 اور آغا سلمان 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم اننگز کی شکست سےتو بچنے میں کامیاب ہوگئی لیکن میچ نہ بچاسکی، جنوبی افریقا نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
شان مسعود کی145 رنز کی اننگز نے جنوبی افریقی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں کسی پاکستانی بیٹر کے سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا 27 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
شان نے سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے1998 میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں 136 رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ شان مسعود جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ۔
اس سے قبل سلیم ملک نے جنوری 1995 میں 99 رنز کی اننگز کے ساتھ جنوبی افریقا کی سرزمین پر کسی پاکستانی کپتان کے سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔