Time 08 جنوری ، 2025
پاکستان

بلوچستان میں نشستیں بڑھانےکا آئینی ترمیمی بل سینیٹ کمیٹی سے منظور

بلوچستان میں نشستیں بڑھانےکا آئینی ترمیمی بل سینیٹ کمیٹی سے منظور
ہم نے تجویز کیا ہے کہ بلوچستان میں نشستیں 65 سے 80 کی جائیں: سینیٹر ضمیر حسین گھمرو۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بلوچستان میں نشستیں بڑھانےکے آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا۔

بلوچستان میں نشستیں بڑھانے کے آئینی ترمیمی بل سے متعلق بنائی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

سینیٹر ضمیر حسین نے کہا کہ ہم نے تجویز کیا ہے کہ بلوچستان میں نشستیں 65 سے 80 کی جائیں جبکہ سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا بڑھانی ہیں تو قومی اسمبلی میں سیٹیں بڑھائیں۔

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا رپورٹ میں یہ نہیں ہےکہ خواتین کی نشستیں اور اقلیتوں کی نشستیں کتنی کتنی ہوں گی، ہم اس بل کو وزارت قانون کو بھیج دیتے ہیں۔

سینیٹر ضمیر حسین گھمرو کا کہنا تھا اگر جنرل سیٹیں بڑھیں گی تو مخصوص نشستیں خودبخود بڑھ جائیں گی، جس پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا اقلیت کی نشستیں زیادہ بڑھیں گی بل میں کم ہے، بل میں جو ٹیبل بنایا گیا اسے منظور کر لینا چاہیے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا 63 اے میں 4 جگہیں ہیں جہاں پر پابندی ہے، جس پر چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا ایوان میں جب رپورٹ آئے تو آپ اعتراضات اٹھائیے گا۔

مزید خبریں :