فیکٹ چیک: UAE سفارت خانے کیجانب سے توہین آمیز پوسٹ کیخلاف کارروائی کے مطالبے کیلئے لکھا گیا جعلی خط

مذکورہ خط پر وہی سیریل نمبر درج ہے جو متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی 14 جولائی 2021 کو جاری کردہ پریس ریلیز پر موجود ہے۔

آن لائن گردش کرنے والے ایک خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے وزارت خارجہ پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہX (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی کرے، جس نے 5 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے نجی دورے کے دوران توہین آمیز مواد پوسٹ کیا تھا۔

دعویٰ غلط ہے۔ یہ خط جعلی ہے۔

دعویٰ

ایک خط ،جس پر 7 جنوری کی تاریخ ثبت ہے، مبینہ طور پر اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کی وزارت خارجہ کو لکھا گیا تھا۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک پاکستانی X اکاؤنٹ نے شیخ محمد بن زید النہیان کے بارے میں ” گمراہ کن اور توہین آمیز“ مواد پوسٹ کیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس اکاؤنٹ نے ایک ایڈٹ شدہ تصویر استعمال کی جس میں متحدہ عرب امارات کے صدر کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مصافحہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

خط میں اس اکاؤنٹ پر پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے تعلق رکھنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ اس میں پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

یہ پوسٹ بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ہے، جسے 96 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا اور 500 سے زیادہ مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا ہے۔

فیکٹ چیک: UAE سفارت خانے کیجانب سے توہین آمیز پوسٹ کیخلاف کارروائی کے مطالبے کیلئے لکھا گیا جعلی خط

یہ خط دیگر اکاؤنٹس پر بھی پوسٹ کیا گیا تھا، جسے یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

حقیقت

یہ خط مکمل طور پر جعلی ہے اور اسے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے نہیں بھیجا، جیسا کہ متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے اور پاکستان کی وزارت خارجہ دونوں نے تصدیق کی ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ترجمان خلیل اعوان سے رابطہ کیا، جنہوں نے اس خط کو قطعی طور پر”جعلی“ قرار دیا۔ جبکہ وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ وزارت کو ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا ہے۔

مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ خط میں وہی سیریل نمبر درج ہے جو متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی 14 جولائی 2021 کو جاری کردہ پریس ریلیز پر تھا، جسے پہلے جیو نیوز پر نشر کیا گیا تھا۔ 2021 کی پریس ریلیز کی ایک کاپی یہاں دیکھی جا سکتی ہے:

اس کے علاوہ، کسی معتبر میڈیا ادارے نے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے متعلق اس مبینہ خط کی رپورٹ نہیں کی، جو اس بات کی مزید تصدیق کرتا ہے کہ یہ خط جعلی ہے۔

فیصلہ: یہ خط جعلی ہے۔ اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے اور پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس کی جعلی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔