18 جنوری ، 2025
ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے ، دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے تین وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنا کر مجموعی طور پر 202 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پہلی اننگز میں پاکستانی اسپنرز نے 137رنز پر پویلین بھیج دیا۔
93 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے خاتمے تک تین وکٹ پر 109رنز بنالیے ہیں اور اسے مہمان ٹیم پر 202 رنز کی برتری حاصل ہے۔
کامران غلام 9 اورسعود شکیل دو رنز پر ناقابل شکست ہیں۔ کپتان شان مسعود 52رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہریرہ نے 29 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم 5 رنز بناسکے۔
اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 143رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، سعود شکیل اور محمد رضوان نے مزید 44 رنز کا اضافہ کیا، سعو د شکیل 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے 71 رنز بنائے، سلمان آغا، نعمان علی، ساجد خان ، خرم شہزاد زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور پاکستانی ٹیم 230رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومیل وریکن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا صرف 51 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین واپس چلے گئے، ابتدائی چار وکٹیں ساجد خان نے گرائیں، اُس کے بعد نعمان علی نے ہاتھ دکھائے اور پنجہ گاڑھ دیا۔آخری وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 137 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل وریکن نے 31 اور جیڈن سیلز نے 22رنز بنائے۔